بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز) دریائے مہادائی کے پانی کی تقسیم کے سلسلے میں ٹریبونل میں سماعت مکمل ہوچکی ہے۔27جولائی کو اس سلسلے میں قطعی فیصلہ منظر عام پر آنے کا امکان ہے۔ کلسابنڈوری کینال کی تعمیر سے شمالی کرناٹک کے چار اضلاع اور نوتعلقہ جات کے کسانوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے سلسلے میں کافی سہولت ہوگی۔ مہادائی سے 7ٹی ایم سی فیٹ پانی کی فراہمی کیلئے ریاستی کسان گزشتہ ایک سال سے کافی شدت سے زور دے رہے ہیں۔ شمالی کرناٹک کے چار اضلاع میں پچھلے ایک سال سے پانی کی فراہمی کامطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت کے علاوہ سبھی سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ان احتجاجی کسانوں سے یگانگت کا اظہار کیاجارہا ہے اور بارہا مرکزی حکومت اور وزیر اعظم پرزور دیا جارہاہے کہ اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے تمام متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی ایک میٹنگ طلب کی جائے۔ جسٹس جی ایم پانچال پر مشتمل ٹریبونل میں بھی مہادائی مسئلہ پر کافی عرصہ سے سماعت جاری تھی، یہ سماعت اب پوری ہوچکی ہے۔ 27 جولائی کو ٹریبونل کا قطعی فیصلہ منظر عام پر آنے کی قوی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔